حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی نے ماہ مبارک رمضان کی آمد پر تمام عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوۓ کہا کہ یہ وہ با برکت مہینہ ہے کہ جسکے بارے میں رسول اللہ صل اللہ علیہ و آلہ وسلم خطبہ شعبانیہ میں فرماتے ہیں" اے لوگو برکت رحمت اور مغفرت کا مہینہ تمہاری طرف آرہا ہے یہ ایک ایسا مہینہ ہے جو تمام مہینوں سے افضل ہے " اس ماہ میں انجام دیے جانے والا ہر عمل خیر اور چھوٹی سے چھوٹی نیکی بھی خداوند عالم کے ہاں بے حساب اجر و ثواب کی حامل ہے۔
انہوں نے کہا اللہ تعالی کا احسان ہے کہ ایک بار پھر ہم ماہ صیام کی رحمتوں اور برکتوں سے استفادہ کرنے والے ہیں اس ماہ میں اپنے دن اور رات کا بیشتر حصہ تلاوت قرآن ،عبادات دعا و مناجات میں وقت صرف کیا جاۓ تاکہ خداوند کریم کے اس دسترخوان فیض و کرم سے اپنی بخشش و نجات کا ذیادہ سے ذیادہ سامان اکھٹا کر سکیں۔
انہوں نے کہا رمضان کریم تقوی الہی اور پرہیزگاری کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے یہ ایام تزکیہ نفس اور خود کو خدا کے لیے خالص کردینے کے ایام ہیں اس ماہ میں ایک خاص لطف یہ بھی ہے کہ انسان گناہوں سے بچنے اور خدا کا تقرب حاصل کرنے کی سعی کرتا ہے یہ ایک ایسی مشق ہے جو ہمیں باقی مہینوں میں بھی اعمال صالح بجا لانے کی ترغیب دلاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا وطن عزیز اس وقت کرونا وائرس کی لپیٹ میں ہے جسکی وجہ سے غریب ونادار طبقہ بے شمار مالی مسائل کا شکار ہے ماہ عظیم میں رضاۓ پروردگار کیلیے مستحق خانوادوں کی دل کھول کر امداد کریں اپنی دعاؤں میں مسنگ پرسنز اور ان کے خانوادوں کو یاد رکھیں خداوند عالم اس ماہ مقدس کے وسیلے سے تمام انسانیت کو کرونا وائرس جیسی جان لیوا وبا سے نجات عطا فرماۓ ملک پاکستان کو اندرونی و بیرونی دشمن اور شر پسند عناصر سے محفوظ رکھے ۔آمین